Sunday May 19, 2024

پرویز خٹک غلط ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔۔۔ ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی حمایت کے الزام پرلیاقت خٹک کا ردعمل

نوشہرہ : نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن )کے امیدوار کی حمایت میں وزارت سے ہاتھ دھونے والے سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک نے اپنے خلاف الزمات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ ایک انٹرویومیں پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حمایت نوشہرہ کے عوام نے کی، میں نے نہیں کی، تحریک انصاف کے ورکرز نے مسلم لیگ ن کی کھل کر حمایت کی۔ لیاقت خٹک نے کہا کہ مجھے ہٹانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، وزیراعظم سے ملنا چاہتا ہوں،

میں نے ہمیشہ اپنے بھائی پرویز خٹک کے لیے سیاست کی، وہ غلط لوگوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آج ان کو الیکشن نتائج کی وجہ سے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا، یہاں مسلم لیگ ن کا امیدوار 22 سال سے الیکشن نہیں جیت سکا، ووٹ عمران خان کا ہے ہماری خامیوں کی وجہ سے الیکشن ہارے،میرے ہٹانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ہارنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جائے۔ دوسری جانب پی کے 63 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے اختیار ولی کی کامیابی کا جشن لیاقت خٹک کے عزیز اصغر خٹک کے گھر منایا گیا۔ ذرائع کے مطانق جشن میں سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک اور بیٹے احد خٹک نے بھی شرکت کی۔

FOLLOW US