Friday November 29, 2024

نوشہرہ میں شکست کے بعد تحریک انصاف کا بڑا ایکشن، پرویز خٹک کے بھائی سے وزارت چھین لی گئی

پشاور : صوبہ خیبر پختونخواہ کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ میں ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے لیاقت خٹک سے وزارت واپس لے لی ، پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار کو سپورٹ کرنے پر لیاقت خٹک کو ہٹایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک سے وزارت واپس لینے کا فیصلہ ضمنی الیکشن میں ان کے آبائی حلقہ سے پی ٹی آئی امیدوار کی شکست کے بعد کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ لیاقت خٹک کے پاس صوبہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی کابینہ میں آبپاشی کی وزارت تھی جو کہ ان سے واپس لے لی گئی اور اس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

واضح رہے کہ حلقہ پی کے 63 نوشہرہ میں پی ٹی آئی کو بڑا اپ سیٹ ہوا جہاں مسلم لیگ ن کا امیدوار جیت گیا ، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 کے ضمنی انتخاب کے تمام 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی نے 21 ہزار 122 ووٹ لے کر فتح حاصل کی ، جب کہ پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں، اس حلقے میں لیگی رہنما نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو 4 ہزار 99 ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دے دی ۔ جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی محمد خان نے وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی سے اختلافات کو نوشہرہ میں شکست کی وجہ قرار دیا ، نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پرویزخٹک کے بھائی سے اختلافات نوشہرہ ‏میں تحریک انصاف کی شکست کاسبب بنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرویزخٹک نےاچھاکام کیا کہ خاندان کےفردکوٹکٹ ‏نہیں دیا ، ‏پرویزخٹک موروثی سیاست کیخلاف ہیں جواچھی بات ہے، ہم مان لیتےہیں نوشہرہ ‏میں شفاف الیکشن ہوئے۔

FOLLOW US