Monday May 6, 2024

این اے 75 ڈسکہ کا الیکشن متنازعہ ہونے کا خدشہ الیکشن کمیشن نے نتائج روکنے کی وجہ بتا دی

ڈسکہ : این اے 75 ڈسکہ کے نتائج روکنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ڈی آر او اور ریٹرننگ آفیسرز کو 20 پولنگ اسٹیشنز میں نتائج میں رد و بدل کا خدشہ ہے۔ مکمل انکوائری رپورٹ کے بغیر نتیجہ جاری کرنا ممکن نہیں ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ڈی آر او انکوائری رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر رہا ہے۔ این اے 75 ڈسکہ کے نتائج غیر ضروری تاخیر کے ساتھ موصول ہوئے۔ این اے 75 کے غیر حتمی نتائج سے ریٹرننگ آفیسر کو روک دیا گیا ہے۔ پریزائیڈنگ افسران سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ناکام رہے۔ انکوائری اور ذمہ داران کے تعین کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ڈی آر او اور آر او کے دفتر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ ریکارڈ کو مکمل طور پر محفوظ کر دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق معاملہ انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی کمزوری لگتا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی سرکاری نتیجہ روک لیا تھا جب کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے فتح کے دعوے کررہے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے سینئیر افسران سے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کی صورتحال پر مشاورت کی جبکہ ریٹرننگ افسر سے تمام تر صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ ن کی نتیجہ روکنے کی آر او کو کی گئی درخواست پر مشاورت کی جبکہ حتمی فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کریں گے ۔ خیال رہے کہ این اے 75 ڈسکہ کی اگست میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخار الحسن شاہ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی انتخاب کے تحت آج پولنگ ہوئی جو فائرنگ کے واقعات کی نذر ہو گئی۔

FOLLOW US