Friday January 24, 2025

نوشہرہ میں اپ سیٹ شکست، پاکستان تحریک انصاف نے شکست تسلیم کرلی

لاہور : نوشہرہ میں اپ سیٹ شکست، پاکستان تحریک انصاف نے شکست تسلیم کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نےنوشہرہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقے میں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کا فیصلہ تسلیم کرتا ہوں ۔ نوشہرہ میں ہمارے خلاف فیصلہ آیا، ہم اس شکست کو تسلیم کریں گے، کسی خلائی مخلوق پر الزام نہیں لگائیں گے، نہ فوج یا کسی ادارے کیخلاف بیانات دیں گے ۔ نوشہرہ میں شکست پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ اصل مقابلہ پنجاب میں ہے، خیبرپختونخوا میں شکست کو تسلیم کرتے ہیں ۔

واضح رہے کہ حلقہ پی کے 63 نوشہرہ میں پی ٹی آئی کو بڑا اپ سیٹ ہوا ہے جہاں مسلم لیگ ن کا امیدوار جیت گیاہے۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 کے ضمنی انتخاب کے تمام 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی نے 21 ہزار 122 ووٹ لے کر فتح حاصل کرلی ہے ، جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ اس حلقے میں لیگی رہنما نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو 4 ہزار 99 ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دے دی ہے۔ خیال رہے کہ ہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد نتائج موصول ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پولنگ ختم ہونے کے فوری بعد موصول ہونے والے ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف 3 نشستوں پر برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، تاہم اب موصول ہونے والے مزید غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں حکمراں جماعت تحریک انصاف چاروں نشستوں پر پیچھے چلی گئی ہے۔

3 حلقوں این اے 75 ڈسکہ، پی پی 51 وزیرآباد، پی کے 63 نوشہرہ میں ن لیگ جبکہ این اے 45 کرم میں آزاد امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔ این اے 75 ڈسکہ 360 پولنگ اسٹیشنز میں 50 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج کے تحت مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار 16 ہزار925 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی 10ہزار 596 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ حلقہ پی پی 51 کے 18 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار چودھری محمد یوسف 5452 ووٹ لے کر پیچھے جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم طلعت شوکت 5493 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ حلقہ این اے 45کرم میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں 40 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سید جمال 5 ہزار 486 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 5ہزار388 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

FOLLOW US