Wednesday November 27, 2024

پی ٹی آئی نے ٹرن آؤٹ کم کرنے کیلئے فائرنگ کروائی ڈسکہ میں فائرنگ کے واقعے پررانا ثناء اللہ کا ردعمل سامنے آگیا

راولپنڈی: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ٹرن آؤٹ کم کرنے کیلئے فائرنگ کروائی، میاں قدیر نامی انسپکٹر ڈسکہ میں فائرنگ واقعے میں خود ملوث ہے، وزیرآباد میں پولیس اہلکار نے جعلی ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی فائرنگ سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں، فائرنگ کے واقعے میں کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں، قتل بھی ہوا، ڈسکہ سے20 میل دور گاؤں ہے ان کے دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی ان کی پہلے سے دشمنی ہے۔

میں جہاں پر ڈسکہ میں موجود تھا وہاں اس قسم کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے، دوسرا یہ ہے کہ تحریک انصاف نے پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوائی فائرنگ کروائی۔ ان کی کوشش ہے کہ ٹرن آؤٹ کم ہو، ووٹ جو بھی نکل رہا ہے، وہ شیر کا نعرہ لگا رہا ہے، ان کے ٹینٹ ٹیبل کرسیاں خالی پڑے ہیں ان سے کوئی پرچی کٹوانے کو تیار نہیں تو ووٹ کون دے گا؟ساری پولیس نہیں کچھ لوگ اس معاملے میں ملوث ہیں، میاں قدیر نامی انسپکٹر ہے جو ڈسکہ میں فائرنگ کے واقعے میں خود ملوث ہے، وزیر آباد میں ایک پولنگ اسٹیشن میں پولیس والے نے جعلی ووٹ کاسٹ کیا۔ دوسری جانب حکومتی رہنماؤں فیاض الحسن چوہان اور عثمان ڈار نے کہا کہ الیکشن کمیشن رانا ثنا اللہ کی پولنگ کیمپ میں میڈیا گفتگو کا نوٹس لے۔ ن لیگ نے کرائے کے غنڈوں کے ذریعے انتخابی عمل کو متنازع بنایا ہے۔ لیگی اراکین اسمبلی این اے 75 کے ضمنی انتخابات میں اثرانداز ہورہے ہیں۔ فیاض الحسن نے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے شفاف انتخابی عمل سبوتاژ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران 5 پولنگ سٹیشنز کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے ، جس کے باعث ووٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

FOLLOW US