Sunday May 19, 2024

پی کے 63 نوشہرہ ضمنی الیکشن میں اپ سیٹ، ابتدائی نتائج میں ن لیگ کی واضح برتری

نوشہرہ : پی کے 63 نوشہرہ ضمنی انتخاب میں پی ڈی ایم امیدوار کو برتری حاصل، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار دوسرے نمبر پر۔تفصیلات کے مطابق نوشہرہ کے حلقے پی کے 63 کے ابتدائی طور پر سامنے آنے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں 28 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ سامنے آیا ہے ۔ ابتدائی نتائج میں مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار میاں اختیار ولی 4 ہزار 139 ووٹ لے کر آگے ہیں ۔ جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل 3 ہزار 770 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ پی کے 63 نوشہرہ میں 102 پولنگ سٹیشن قائم ہیں جن میں 52 مرد اور 39 خواتین اور 3 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ 1 لاکھ 41 ہزار 934 رجسٹرڈ ووٹرز میں 79 ہزار 63 مرد جبکہ 62 ہزار 871 خواتین ووٹرز ہیں۔ خیال رہے کہ یہ نشست سابق تحریک انصاف کے صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ یہاں ن لیگ کے میاں اختیار ولی خان پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر کاکا خیل میدان میں ہیں۔ دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد نتائج موصول ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے مضبوط حلقے پی پی 51 وزیرآباد میں تحریک انصاف کے امیدوار چودھری محمد یوسف کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔ حکمراں جماعت کے امیدوار چودھری محمد یوسف نے اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق 1425 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم طلعت شوکت نے 983 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ پی پی 51 کے علاوہ دیگر 3 حلقوں سے بھی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ چل رہا ہے۔

FOLLOW US