Sunday January 19, 2025

سینیٹ الیکشن ، حفیظ شیخ کی حمایت کیلئے جہانگیر ترین کے جہاز نے اڑان بھرلی

فیصل آباد : 3مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے لیے عبدالحیفیظ شیخ کی حمایت اکٹھی کرنے کیلئے پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین کے جہاز نے اڑان بھرلی ، وفاقی وزیر خزانہ کی جیت کی راہ ہموار کرنے کیلئے فیصل آباد پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین اپنے ذاتی جہاز پر اہم دورے پر فیصل آباد پہنچ گئے جہاں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے ان کا استقبال کیا ، جس کے بعد جہانگیر ترین پی ٹی آئی ایم این اے نواب شیر وسیر کے گھر بھی گئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اپنے دورے کے دوران جہانگیر ترین نے ایم این اے راجہ ریاض سے درخواست کی کہ عبدالحفیظ شیخ میرے دوست ہیں ، اس لیے سینیٹ الیکشن میں ان کو سپورٹ کرنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے فيصل آباد سے ہی حکمران جماعت کے ایک اورممبر قومی اسمبلی خرم شہزاد سے بھی ملاقات کی جس میں انہیں بھی سینیٹ الیکشن میں وفاقی وزیر خزانہ کو ووٹ دینے کی درخواست کی جب کہ 25 فروری کو طے شدہ خرم شہزاد کی بیٹی کی شادی پر بھی انہیں پیشگی مبارکباد دی۔ قبل ازیں سینیٹ الیکشن میں حصہ لیے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ نے جوڑ توڑ کے ماہر جہانگیر ترین سے رابطہ کیا اور ان سے مدد مانگی تھی ، حفیظ شیخ کے رابطے کے بعد جہاں جہانگیر ترین نے انہیں مدد کی یقین دہانی کروائی ، وہیں وہ حفیظ شیخ کو جتوانے کے لیے متحرک بھی ہو گئے ، اور انہوں نے حفیظ شیخ کے لیے ارکان سے رابطے بھی شروع کر دئیے ،اس سلسلے میں سب سے پہلے جہانگیرترین نے جنوبی پنجاب کے ناراض ایم این ایز سے رابطے شروع کردیے ، جس کے بعد اب پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین کے جہاز نے بھی اڑان بھرلی اور وہ وفاقی وزیر خزانہ کی جیت کی راہ ہموار کرنے کیلئے فیصل آباد پہنچ گئے۔

FOLLOW US