Wednesday November 27, 2024

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے بعد حکومت نے کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے ملازمین کو بھی بڑا ریلیف دے دیا

لاہور : پنجاب حکومت نے دوران سروس وفات پانے والے کنٹریکٹ ملازمین کے ورثا کو دیا جانے والا معاوضہ بڑھانے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں دوران سروس انتقال کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کوسہولتوں کی فراہمی پر اجلاس ہوا ، جس میں وفات پانے والے کنٹریکٹ ملازمین کےورثا کیلئے معاوضہ بڑھانےکی منظوری دے دی گئی ، جس کے بعد گریڈ 1 سے 4 تک کے کنٹریکٹ ملازم کے انتقال پر ان کے ورثاء کو 16 لاکھ جب کہ گریڈ5 سے 10 تک کے کنٹریکٹ ملازم کی وفات پر ورثاء کو 19لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری نے بتایا کہ گریڈ 11 سے 15 تک کنٹریکٹ ملازم کے انتقال پر ان کے ورثاء کو 22 لاکھ روپے ملیں گے ، جب کہ گریڈ 16 سے 17 تک کے کنٹریکٹ ملازم کی وفات پرورثاء کو 25 لاکھ دیے جائیں گے ، ملیں گے ، اس کے ساتھ ساتھ گریڈ 18 سے 19 کے کنٹریکٹ ملازم کے انتقال پر ان کے ورثاء کو34 لاکھ جب کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے کنٹریکٹ ملازم کے انتقال پر ان کے لواحقین کو 40 لاکھ ملیں گے۔ دوسری طرف وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ، جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 1 سے 19 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ ہوگا ، تنخواہوں میں اضافہ صرف ان ملازمین کیلئے ہوگا جو پہلے سے اضافہ الاونسس وصول نہیں کر رہے ، تنخواہوں میں اضافہ ایڈہاک بنیاد پر یکم مارچ سے ہی کر دیا جائے گا جبکہ یکم جولائی سے ایڈہاک اضافے کو بنیادی تنخواہ میں بھی ضم کر دیا جائے گا ، وفاقی حکومت نے تمام صوبوں سے بھی اپنے وسائل کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش بھی کی ہے ،وزارت خزانہ نچلے اسکیل کے ملازمین کی اسکیل پروموشن اور اپ گریڈیشن کے لیے بھی کام کرے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان سے سرکاری وفاقی ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی ، ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ، پرویز خٹک اور علی محمد خان شامل تھے ، جب کہ وزارت خزانہ کے حکام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو تنخواہوں میں اضافے اور اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ پر بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم کو سرکاری وفاقی ملازمین سے طے ہونے والے فارمولے پر بھی بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے بریفنگ لینے کے بعد وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی جبکہ سرکاری وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

FOLLOW US