Wednesday November 27, 2024

ملک کے 3 حلقوں میں ضمنی الیکشن، اپوزیشن کا کلین سوئپ، حکومت کو تینوں حلقوں میں شکست

کراچی : ملک کے 3 حلقوں میں ضمنی الیکشن، اپوزیشن کا کلین سوئپ، غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ایس 88 ملیر کراچی اور پی ایس 43 سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب، پی بی 20 پشین 3 میں پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار کامیاب۔ تفصیلات کے مطابق طویل عرصے بعد ملک میں ایک ہی دن میں ایک سے زائد حلقوں میں ضمنی الیکشن کا انعقاد ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ایس 88 کراچی، پی ایس 43 سانگھڑ اور پی بی 20 پشین 2 بلوچستان میں ضمنی الیکشن کا انعقاد کروایا گیا ہے۔ ان تینوں حلقوں میں شام 5 بجے پولنگ ختم ہونے کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تینوں حلقوں میں اپوزیشن نے کلین سوئپ کیا ہے۔ تینوں حلقوں کے بیشتر پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آ چکے۔

پی ایس 88 ملیر کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف بلوچ 13 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فتح کے قریب ہیں، ان کے مقابلے میں تحریک لبیک کے امیدوار نے 2100 جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار نے صرف 1700 سے کچھ زائد ووٹ حاصل کیے، یوں اس حلقے میں پیپلز پارٹی کی فتح یقینی ہوگئی۔ جبکہ پی ایس 43 سانگھڑ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مرتب کیے جا چکے، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار جام شبیر علی نے 45 ہزار ووٹس کیساتھ فتح حاصل کر لی، ان کے مقابلے میں تحریک انصاف کے امیدوار مشتاق جونیجو نے صرف 5 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ دوسری جانب پی بی 20 پشین 3 بلوچستان میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار عزیز اللہ 24 ہزار 965 ووٹ حاصل کر چکے، ان کے مقابلے میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللہ ترین صرف 7 ہزار 123 ووٹ حاصل کر سکے، یوں ان کی فتح بھی یقینی ہو چکی۔

FOLLOW US