Sunday May 19, 2024

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔۔۔ ووٹ دینے کی یقین دہانی بھی کروادی

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ناراض رکن اسمبلی خرم لغاری کی ملاقات ہوئی جس کے بعد خرم لغاری پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لیا۔گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ناراض رکن پنجاب اسمبلی خرم سہیل خان لغاری نے ملاقات کی ، جس میں ایم پی اے خرم لغاری نے وزیراعظم کو اپنےحلقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا بجٹ نہ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی شکایت کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر فواد چودھری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ناراض رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی، خرم لغاری نے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق ترقیاتی کاموں کا بجٹ نہ دینے کی شکایت کی۔وزیراعظم نے خرم لغاری کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے حلقے کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کی یقین دہانی پر ناراض رکن صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلپ واپس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ خرم لغاری نے وزیراعظم سے ملاقات میں اپنے تحفظات دور کیے جانے اور حلقے کے مسائل حل کیے جانے کی یقین دہانی کے بعد پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا اور اب وہ سینیٹ الیکشن کے لیے ووٹ پی ٹی آئی کے امیدوار کو ہی دیں گے۔ذرائع کے مطابق خرم لغاری کو منانے میں اہم کردار وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ادا کیا۔واضح رہے کہ خرم لغاری نے پی ٹی آئی قیادت سے ناراض ہو کر سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کررکھا تھا۔ خرم سہیل خان لغاری نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف یوتھ کا نام تھا، مجھے ٹکٹ نہیں دی گئی تھی کہ میں لڑکا ہوا، پھر میں نے آزاد الیکشن لڑا ، 50ہزار ووٹ لیے اور 17ہزار ووٹوں سے الیکشن جیتا، میری تیسری نسل اسمبلی میں آرہی ہے، میرے دادا، والد کے بعد اب میں اسمبلی میں آیا ہوں۔ یہ جھنڈے بھی باپ دادا سے دیکھ چکا ہوں، ہماری کوئی خواہش نہیں ہے،اگر پڑھے لکھے لوگ ہیں تو عوام کی خدمت کرنا ترجیح ہے۔

FOLLOW US