Monday May 13, 2024

کافی عرصے سے بیکار پڑی آنسو گیس سرکاری ملازمین پر چلائی آنسو گیس کی تھوڑی سے ٹیسٹنگ کی ہے

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کافی عرصے سے بیکار پڑی آنسو گیس سرکاری ملازمین پر چلائی۔ تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے لیکن اس دوران احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر تھوڑی بہت آنسوگیس بھی چلائی جو کہ ضروری ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آنسو گیس کو بھی ٹیسٹ کرنا چاہیئے جو بڑے عرصے کی بے کار پڑی ہوئی تھی ، اس کی تھوڑی سی ٹیسٹنگ کی ہے زیادہ تو ابھی محفوظ ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 محکموں کی تنخواہوں میں 25 فیصد مجوزہ اضافہ نہیں کیا جائے گا ، میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایکسٹرا الاؤنسز لینے والے محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ، جن میں ایوان صدر، وزیر اعظم سیکریٹریٹ ،سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ملازمین بھی شامل ہیں جب کہ ان 18محکموں کے مجموعی طور پر 3 لاکھ 26 ہزار745 ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فی صد اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں ایف بی آر، شعبہ صحت ، نیب ، اعلیٰ عدلیہ اور وفاقی پولیس کے ساتھ ساتھ موٹروے پولیس کے ملازمین کی تنخواہیں بھی نہیں بڑھائی جائیں گی جب کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس،انٹیلی جنس بیورو،آئی ایس آئی اور ایف آئی اے ، لاء اینڈ جسٹس کمیشن ، پارلیمانی افیئر ڈویژن اور اسلام آباد ماڈل پولیس کے ملازمین بھی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے سے محروم رہیں گے۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ، جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 1 سے 19 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ ہوگا ، تنخواہوں میں اضافہ صرف ان ملازمین کیلئے ہوگا جو پہلے سے اضافہ الاونسس وصول نہیں کر رہے ، تنخواہوں میں اضافہ ایڈہاک بنیاد پر یکم مارچ سے ہی کر دیا جائے گا جبکہ یکم جولائی سے ایڈہاک اضافے کو بنیادی تنخواہ میں بھی ضم کر دیا جائے گا ، وفاقی حکومت نے تمام صوبوں سے بھی اپنے وسائل کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش بھی کی ہے ،وزارت خزانہ نچلے اسکیل کے ملازمین کی اسکیل پروموشن اور اپ گریڈیشن کے لیے بھی کام کرے گی۔

FOLLOW US