اسلام آباد : وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد نے پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری سے منتخب ہونے والے حکمران جماعت کے ممبر قومی اسمبلی نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی جماعت نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دیا وہ پارٹی چھوڑ دیں گے۔ میڈیا ذرائع کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بھی نہیں ڈالیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو قومی اسمبلی کا رکن ہونے کے باوجود سینیٹر بنوانے کی وجہ سامنے آگئی ، تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واوڈا کو سینیٹر بننے کے بعد ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں جاری کیسز کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ، جس کی وجہ سے پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں سینیٹ کا الیکشن لڑوایا جائے جب کہ فیصل واوڈا سینٹر بننے پر اپنی قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ دیں گے کیوں کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء وفاقی وزیر فیصل واوڈا کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار سعید قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران عدالت کی طرف سے جس قسم کے ریمارکس آتے رہے ان سے لگ رہا ہے کہ انہیں نا اہل قرار دے دیا جائے گا۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کو ممکنہ نا اہلی سے بچانے کے لیے سینیٹ الیکشن لڑوایا جارہا ہے۔
یہاں واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے حکمران جماعت پی ٹی آئی نے اسلام آباد کے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے ، جن میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد شامل ہیں ، وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ نے ان کے ناموں کی منظوری دی۔ اس کی تصدیق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی کی ، انہوں نے بتایا کہ تحرک انصاف نے سینٹ کی زیادہ تر نشستوں پر اپنے امیدواروں کے نام فائنل کر لیے ہیں ، اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار فائنل کی گئی ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ سے فیصل واوڈا سینٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جب کہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام فائنل کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ صوبہ پنجاب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹ کے لیے امیدوار سیف اللہ نیازی ، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر ہوں گے جب کہ صوبہ خیبر پختونخواہ سے شبلی فراز ، محسن عزیز، دوست محمد ، ثانیہ نشتر اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ، تاہم باقی نشستوں پر اعلان بعد میں کیا جائے گا۔