اسلام آباد : رمضان المبارک کی آمد میں کم وقت رہ گیا، چاند نظر نہیں آیا، یکم رجب المرجب اتوار 14 فروری کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ رجب المرجب کا چاند دیکھنے کیلئے مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران ملک بھر کی تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں سے بھی رابطہ رکھا گیا۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے چاند کی شہادت حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم کسی بھی علاقے میں چاند نظر نہیں آیا۔ چاند دیکھنے کیلئے مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے اب یکم رجب المرجب اتوار 14 فروری کو ہوگی۔ رجب المرجب کی آمد کیساتھ مسلمانوں نے سال کے سب سے مقدس مہینے رمضان المبارک کی تیاریاں بھی شروع کر دیں۔ رمضان المبارک کے آغاز میں اب صرف 2 ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے۔