Sunday May 19, 2024

ہمیں اولاد نے ٹھکرا دیا۔۔۔ کنگن پور کے معمر جوڑے نے بڑھاپے میں شادی کرنے کی وجہ بتا دی

لاہور : کنگن پور کے علاقے چونیاں میں ایک جوڑے نے بڑھاپے میں پسند کی شادی کر لی۔بزرگ شخص نے 80 سال کی عمر میں بچپن کی محبت کو پا لیا۔ 80 سالہ بزرگ شخص عطر میو نے 75 سالہ خاتون سے شادی کر کے محبت کی نئی مثال قائم کر دی۔سوشل میڈیا پر معمر جوڑے کی تصاویر وائرل ہوئیں تو صارفین نے مختلف ردِعمل دیا۔زیادہ تر لوگوں کی جانب سے جوڑے کو سراہا گیا،لیکن کچھ لوگوں نے تعجب کا بھی اظہار کیا کہ آخر جوڑے نے اس عمر میں شادی کیوں کی،کیونکہ ہمارے معاشرے میں دوسری شادی خاص طور پر زیادہ عمر میں شادی کرنے کو برا سمجھا جاتا ہے،بڑھاپے میں شادی کرنے والوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تاہم کنگن پور کے اس جوڑے نے ایسی تمام باتوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے شادی کر لی۔ جب معمر جوڑے سے اس عمر میں شادی کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اولاد نے ٹھکرا دیا جس کے بعد شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔عطر خان کے چار بچے ہیں اور ان کی پہلی بیوی 6 سال قبل انتقال کر گئی تھی جب کہ نذیراں بی بی کا پہلا شوہر 9 سال پہلے وفات پا گیا تھا اور اس کے 6 بچے ہیں۔ واضح رہے کہ منوریاں میں 80 سالہ بزرگ شخص نے 75 سالہ خاتون سے شادی کر لی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خاتون 80 سالہ عطر میو کی بچپن کی محبت ہے۔عطر میو نے نوجوانی میں والدین کے رضامند نہ ہونے کی وجہ سے اپنی پسندیدہ خاتون سے شادی نہ کر پائے تھے لیکن اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا اور کئی سال گرنے کے بعد انہوں نے اپنی پہلی محبت نذیراں بی بی کو حاصل کر لیا۔ دونوں کے ایک دوسرے کے ساتھ شادی کروانے کے وعدے آج پورے ہو گئے ہیں۔ایک طویل انتظار کے بعد دونوں بزرگوں کی محبت جیت گئی،دونوں کی شادی ہوئی جس پر بزرگ جوڑے کی خوشی قابل دید تھی۔دونوں کی شادی کی رسومات بھی ادا کی گئیں۔شادی کی تقریبات محلہ ہاشم پورہ میں منعقد ہوئیں۔ولیمہ میں دونوں خاندانوں کے رشتے داروں نے بھرپور شرکت کی۔شادی میں سب نے معمر جوڑے کے جذباتی مناظر بھی دیکھے۔سوشل میڈیا پر بھی اس خوبصورت جوڑے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔صارفین کی جانب سے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

FOLLOW US