کراچی: نئی ایئر لائن کمپنی ایئر سیال نے 26 فروری سے اندرون ملک پروازیں چلانے کا اعلان کردیا، پہلے مرحلے میں پیر اور جمعہ کو کراچی اور سیالکوٹ کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی، سیالکوٹ سیکٹر کیلئے ایئر بس320 طیارے آپریٹ کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایئر سیال کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 26 فروری سے کراچی تا سیالکوٹ کے درمیان پروازوں کو آغاز کردیا جائے گا، ہفتے میں دو پروازیں کراچی سے سیالکوٹ پیر اور جمعے کو آپریٹ کی جائیں گی۔
واضح رہے یکم دسمبر2020 کو وفاقی کابینہ نے نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی منظوری دی تھی۔ 9 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں ایئر سیال کا افتتاح کیا تھا۔ ائیرسیال کے فلیٹ میں تین ائیر بس اے 320-200 شامل ہیں، جس میں 180 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اسی طرح اسی طرح ’ایئرسیال‘ کے فضائی میزبانوں کا لباس ملک کے معروف فیشن ڈیزائنر نومی انصاری نے تیار کیا ہے۔ جنہوں نے اس سے قبل ملک کی قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے فضائی عملے کا لباس بھی تیار کیا تھا۔’ایئرسیال‘ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق بھی کی تھی کہ ان کے فضائی میزبان نومی انصاری کا تیارہ کردہ لباس پہنیں گے۔’ایئرسیال‘ کی ایئرہوسٹس اور دیگر فضائی میزبانوں کیلئے لباس تیار کرنے پر نومی انصاری نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے لباس کی تیاری میں مصروف تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں برس اپریل میں انہوں نے ’ایئرسیال‘ کی ایئرہوسٹس کے لیے حتمی لباس تیار کیا، جسے انتظامیہ نے بھی منتخب کیا مگر کورونا کی وباء کے باعث نجی ایئرلائنز کے افتتاح میں تاخیر کے باعث انہوں نے مزید کئی ماہ تک لباس میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ ’ایئرسیال‘ کے فضائی میزبانوں کا ایسا منفرد لباس تیار کرنا چاہتے تھے جس سے خوبصورتی اور سکون کی جھلک دکھائی دے۔ نومی انصاری نے ’ایئرسیال‘ کی ایئرہوسٹس کے لیے مختصر شرٹ کے ساتھ سر پر پہننے کے لیے لباس سے مشابہہ ٹوپی بنانے سمیت سرخ رنگ کی ٹوپی بھی بنائے جب کہ گلے میں پہننے کے لیے خصوصی ٹاول بھی تیار کیا۔نومی انصاری نے خواتین و مرد فضائی میزبانوں کے لیے الگ الگ ڈیزائن کے لباس تیار کیے اور تاحال نومی انصاری مرد میزبانوں کے لباس میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں پر کام کر رہے ہیں۔