Sunday January 19, 2025

پی ٹی آئی حکومت کا ایک اور کارنامہ،لیگی دور میں ترقیاتی کاموں پر اپنے بینرز لگا دیے، عوام کا شدید ردعمل

راولپنڈی: پی ٹی آئی حکومت کا ایک اور کارنامہ، ن لیگ کے دور میں ترقیاتی کاموں پر اپنے بینرز لگا دیے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کے حلقے پی پی 17 میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سیوریج لائن ڈالی گئی تھی جبکہ رقم سابقہ حکومت کی جانب سے ہی جاری کی گئی تھی اور کام بھی مکمل ہو چکا تھا۔ لیکن فروری 2021 میں واسا کی جانب سے واجبات پانی کے بل کے ساتھ سیوریج چارجز بھی ڈال دیے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے بینرز بھی آویزاں

ہو چکے ہیں جس میں سیوریج لائن بچھانے پر شکریہ ادا کیا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے ساتھ مذاق ہو رہا ہے کہ سابقہ حکومت کے ترقیاتی کاموں پر پی ٹی آئی حکومت کے بینرز لگا دیے گئے جبکہ دوسری جانب انہیں ترقیاتی کاموں کے چارجز بھی عوام سے وصول کیے جا رہے ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ فی الفور ان چارجز کو ختم کیے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیرِ اعلٰی پنجاب عثمان بزدار بھی اس کرپشن کا فی الفور نوٹس لیں۔دریں اثناء وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ پی ٹی آئی حکومت عقیدہ ختم نبوت کی محافظ ہے، کوئی مائی کا لال پاکستان میں ختم نبوت اور ناموس رسالت سے متعلق قوانین ختم کرنے کی جرات نہیں کر سکتا،وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ سمیت ہر علاقائی و عالمی فورم پر ناموس رسالت کے لیے آواز اٹھانے والے واحد حکمران ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ایوان اقبال لاہور میں حق چار یار کانفرنس کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں

نے یہ بھی کہا کہ خلفائے راشدین کا طرز حکمرانی عوام کی فلاح و بہبود کے اصول پر قائم تھا اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام حق چار یار کے نظام کی تقلید میں ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا خواب ہے کہ کوئی رات کو بغیر چھت کے اور بھوکا نہ سوئے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے موجودہ حکومت پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے الزامات لگا رہی ہیں لیکن جب تک فلسطین کو اس کے تمام حقوق نہیں مل جاتے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دشمن ممالک نے پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے کی بہتیری کوششیں کیں، لیکن ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انڈین را، میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ ہر وقت پاکستان کو فرقہ واریت کے ذریعے شام، لیبیا، یمن بنانے پر تلے ہیں لیکن پاکستان میں تمام مکتبہ ہائے فکر کے علما نے عوام کے ساتھ ملکر فرقہ واریت کو شکست دی ہے۔

FOLLOW US