لاہور : جاتی سردی پھر سے لوٹنے کو تیار ہے کیوں کہ ملک میں بارشیں برسانے والے سسٹم کی جلد پنجاب میں داخل ہونے کی پیش گوئی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ماہ فروری کے وسط میں مغربی ہوائوں پر مشتمل بارشیں برسانے والے ایک سسٹم کے پنجاب میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے ، اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ نئے سسٹم کے داخل ہونے کے باعث 15 فروری سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ سورج کی تپش میں تیزی آنے سے شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے
جس سے لاہور میں درجہ حرارت بڑھ کر دن کے وقت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، جس کی وجہ سے شہریوں میں گرمی بڑھنے کا احساس ہوا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم صاف اور خشک رہنے کی بھی پیش گوئی کی ہے تاہم 15 فروری کے بعد سے مغربی ہوائوں پر مشتمل بارشیں برسانے والے ایک سسٹم کے پنجاب میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے ، جس کی وجہ سے بارشوں اور برفباری سے سردی کی شدت میں دوبارہ سے اضافہ ہو جائے گا ، جب کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں بھی ملک میں مغربی سسٹم کی آمد کا امکان ہے ، 15 سے 28 فروری کے دوران مغربی سسٹم شمالی اور وسطی پاکستان پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ملک میں کوئی خاص بارشیں نہیں ہوئی، اسی باعث سردی کی شدت میں کمی آئی ہے ، تاہم فروری کے ماہ میں بارشوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں، اسی باعث کم ہوتی سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
دوسری طرف ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے حوالے سے بھی بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں فروری کے ماہ میں سردی کی شدت میں کمی کی بجائے اضافہ ہو جائے گا ، محکمہ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے اپنی پیش گوئی میں کہا ہے کہ شہرِ قائد میں رواں سال موسمِ سرما طویل ہونے کا امکان ہے ، کراچی میں فروری میں بارش ہو گی یا نہیں، یہ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم شہر میں آئندہ ماہ کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری رہ سکتا ہے۔