لاہور:پنجاب میں اوپن لیٹر پر گاڑیوں کی ٹرانسفر کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں چوری، ڈکیتی، دہشت گردی کی کاروائیوں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنے کیلئے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبے میں اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ چوری، ڈکیتی، دہشت گردی کی کاروائیوں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے بارے میں معلوم ہوتا ہے کہ وہ اوپن لیٹر پر استعمال ہو رہی تھیں۔
جبکہ پنجاب میں ای چالان سسٹم نافذ کیے جانے کے بعد بھی ٹریفک قوانین کی روک تھام کیلئے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے۔ اس کی بری وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ بہت سی شکایات سامنے آئیں کہ گاڑی یا موٹر سائیکل فروخت کرنے کے باوجود چالان پرانے مالک کے گھر بھجوایا جا رہا تھا۔ جن گاڑیوں یا موٹرسائیکل کا چالان ہوتا ہے، انہیں چلاتا کوئی اور ہے، جبکہ وہ رجسٹر کسی اور کے نام پر ہوتی ہیں۔ اسی لیے اب صوبے میں اوپن لیٹر پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چلنے کا سلسلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ ایکسائز 31 مارچ تک اوپن لیٹر پر گاڑیوں کی ٹرانسفر کرے گا، جبکہ یکم اپریل سے یہ سسٹم بند کر دیا جائے گا۔ یکم اپریل سے گاڑی ٹرانسفر کروانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم نافذ ہوگا۔ یکم اپریل سے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت گاڑیوں اور دیگر وہیکلز کی ٹرانسفر کی جائے گی ۔ نادرا کے ای سہولت مراکز پر بائیو میٹرک کروائی جا سکے گی ۔ جبکہ ایکسائز موٹر برانچ کے دفاتر میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ بائیو میٹرک وہیکل ٹرانسفر کا نظام متعارف کروانے کیلئے محکمہ ایکسائز اور نادرا کے درمیان معاملات طے کیے جا رہے ہیں۔