اسلام آباد : قومی اسمبلی میں ہاتھا پائی، ایوان کا تقدس پامال ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نوٹس لے لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں کل حکومت کی جانب سے بل پیش کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے درمیان ہنگامہ آرائی پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نوٹس لیتے ہوئے قومی اسمبلی اجلاس کی فوٹیج طلب کر لی ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ہنگامہ آرائی میں ملوث اراکین کیخلاف ضابطے کی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کے لیے 8 فروری کو اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہا اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے معاملے کی تفتیش کی جائے گی اور 8 فروری کے اجلاس میں اس سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی بے توقیری کسی طور قبول نہیں ، جس نے بھی ہنگامہ آرائی کی اس کا فیصلہ ویڈیو دیکھ کر ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو ریکارڈ دیکھنے کے بعد ذمہ دار ارکان کیخلاف کارروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی جانب سے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے متلعق بل پیش کیے جانے پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے شور شرابا کیا گیا اور سیٹیاں بھی بجائی گئیں۔ اس موقع اپوزیشن کی جانب سے نعرے بازی کی گئی کہ سینیٹ انتخابات میں حلالہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ سینیٹ انتخابات میں حلالہ نہیں کرنے دیں گے ۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اسپیکر ڈائس کا بھی گھیراؤ کیا اور بل کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں ۔