Sunday January 19, 2025

بارش ،برفباری اور شدید سردی۔۔عوام تیاری کرلیں ۔ آئندہ 6دن موسم کیسا رہے گا؟

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) مغربی ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پراثرانداز ہو رہی ہیں جو جمعرات تک مو جود رہیں گی۔آج بروز بد ھ کو اسلام آباد،بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اورکشمیر میں مطلع ابرآلود رہا جبکہ چند مقامات پربارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بروز جمعرات اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اورکشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پربارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ جمعہ کے روز سے منگل تک ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے فروری تامئی کے لیے زرعی موسمیاتی پیش گوئی جاری کر دی ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ایگرو کلاء میٹ آؤٹ لک جاری کرنے کا مقصد کسانوں اور زراعت سے وابستہ افرادکو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی کٹائی،بوائی اور دیگر عوامل کے حوالے سے پیشگی منصوبہ بندی کر سکیں،صوبہپنجاب میں پوٹھوہار ریجن میں 3سے 4ہلکے سے درمیانے درجے کی بارش کے سپیل فروری کے وسط سے مارچ کے وسط تک متوقع ہیں جبکہ مئی کے پہلے پندرہ دنوں میں لگاتار ہلکی بارش کے سپیل متوقع ہیں ، جس سے موسم سرما طویل ہو سکتا ہے ،کم سے کم درجہ حرارت 05ڈگری سینٹی گریڈ سے لیکر مئی کے آخر تک28ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا،اسی طرح زیاد ہ سے زیادہ درجہ حرارت مئی کے آخر تک 44ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ،فروری اور مئی میں ہونے والی بارش فصلوں کے لیے سود مند ثابت ہوں گی، مارچ میں ہونے والی بارش جبکہ گندم کی فصل اناج کی تشکیل اور پکنے کی سٹیج پر ہوگی کیلئے ممکنہ بارش آخری مرحلے میں منفی اثر ڈال سکتی ہے ۔

FOLLOW US