Wednesday May 15, 2024

بلاول بھٹو زرداری نے بہن کی شادی کی تصاویر جاری کر دیں میری بہن بختاور کی شادی طویل عرصے بعد آنے والی خوشی کا لمحہ ہے۔

کراچیؒ بلاول بھٹو زرداری نے بہن کی شادی کی تصاویر جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے ایک جذباتی پیغام کیساتھ اپنی بہن کی شادی کی تصاویر جاری کر دیں: سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میری بہن بختاور کی شادی طویل عرصے بعد آنے والی خوشی کا لمحہ ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ والدہ بی بی شہید ہماری خوشی کے اس لمحے کو دیکھ رہی تھیں۔ بلاول بھٹو نے اپنی بہن اور بہنوئی کیلئے ان کی نئی زندگی کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو کی جانب سے جاری کیا گیا پیغام اور تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئے۔ لوگوں کی جانب سے بختاور بھٹو زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آج جمعہ کے روز سابق صدر مملکت آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کا بلاول ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں نکاح ہوا جبکہ ولیمے کی تقریب کل ہوگی۔ نکاح کی تقریب میں آصف زرداری، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت زرداری اور چوہدری فیملی کے افراد نے شرکت کی۔ نکاح کی تقریب کے موقع پر بلاول ہاؤس کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ایس ایس یو کمانڈوز نے سیکیورٹی سنبھالے رکھی، محمود چوہدری بینڈ باجوں اور شہنائیوں کے ساتھ 20 سے زائد گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ بلاول ہاؤس پہنچے۔ بتایا گیا ہے کہ بختاور بھٹو کی شادی کی اسلام آباد، لاہور اور لاڑکانہ میں بڑی تقاریب ہوں گی، اسلام آباد کی تقریب میں سیاسی جماعتوں کے قائدین، سرکاری افسران کو مدعوکیا جائےگا۔

FOLLOW US