Wednesday November 27, 2024

آرمینیا کیخلاف جنگ میں حمایت کرنے کا انعام؟ آذربائیجان نے پاکستان کو ادھار تیل اور گیس فراہم کرنے کی پیش کش کر دی

اسلام آباد : آذربائیجان نے پاکستان کو ادھار تیل اور گیس فراہم کرنے کی پیش کش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آرمینیا کیخلاف جنگ میں حمایت کرنے کے بعد سے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات ایک نئی بلندی کو چھو گئے ہیں۔ آذربائیجان آرمینیا کیخلاف جنگ میں پاکستان اور ترکی کی بھرپور حمایت سے تقریباً 3 دہائیوں بعد نگورنوکاراباخ کا علاقہ آزاد کروانے میں کامیاب ہوا۔ اس شاندار فتح کے بعد ناصرف آذربائیجان کی قیادت، بلکہ اس کی عوام نے بھی ہر ممکن طریقے سے پاکستان کو بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا۔ گزشتہ دنوں آذربائیجان کے وزیر خارجہ بھی خصوصی دورے پر پاکستان آئے تھے،

اس دوران دونوں ممالک کی قیادت نے دو طرفہ سفارتی، تجارتی و دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ اب دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ توانائی کے وسائل سے مالا مال آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کو بہت بڑی پیش کش کی گئی ہے۔ برادر اسلامی ملک کی سرکاری توانائی کمپنی سورک ٹریڈنگ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں آذربائیجان کی سرکاری توانائی کمپنی نے پاکستان کو پیش کش کی ہے کہ وہ ادھار پر تیل اور گیس فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ سورک ٹریڈنگ دنیا کئی ممالک میں آئل ریفائنریز آپریٹ کر رہی ہے، جبکہ اگر تیل و گیس ادھار پر حاصل کرنے کیلئے پاکستان راضی ہو جاتا ہے تو اس صورت میں ایک باقاعدہ تجارتی معاہدہ طے پائے گا۔

اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پیش کش کو قبول کرنے سے پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کے بوجھ میں کافی کمی آ سکتی ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کو یہ پیش کش ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کیلئے سب سے زیادہ انحصار کرنے والے ملک سعودی عرب سے ادھار پر تیل حاصل کرنے کے عمل کو روک چکا ہے۔

FOLLOW US