اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل بعض جماعتوں کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک انٹرویومیں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایک جمہوری طریقہ کار ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بعض جماعتیں آن بورڈ ہیں اور یہ ایک جمہوری طریقہ کار ہے، ہم جمہوریت پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں۔
راجا پرویز اشرف نے تسلیم کیا کہ اس معاملے پربعض سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں جو پی ڈی ایم کے فورم پر مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے دور کیے جائیں گے۔رہنما پی پی پی نے کہاکہ ان کی جماعت چاہتی ہے کہ پہلے حکومت کے خلاف تمام آئینی آپشنز استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت کو زیادہ اکثریت حاصل نہیں ہے، موجودہ حکومت سے جمہوریت کو خطرہ ہے۔