Friday January 24, 2025

اسلام آباد ائیرپورٹ پر مشکوک گاڑی سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

اسلام آباد : اسلام آباد ائیرپورٹ پر مشکوک گاڑی سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی معمول کی چیکنگ کی جارہی تھی کہ اسی دوران ایک گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ گاڑی سے برآمد ہونے والے اسلحے میں ایس ایم جی اور اس کی 57 گولیاں، پانچ میگزین ،ایک شارٹ گن اور چھ کارتوس شامل ہیں۔ کارروائی کے بعد دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ائیرپورٹ میں داخل ہونے والی اسلحہ سے بھری گاڑی نے انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگوا دیں جبکہ اس خبر نے ائیرپورٹ پر موجود مسافروں کو بھی خوفزدہ کر دیا تھا۔

FOLLOW US