Monday November 25, 2024

طالبہ کے اغواء ، ریپ اور پورن وڈیوز بنانے پر میاں بیوی کو سزائے موت اور عمر قید

راولپنڈی : راولپنڈی میں طالبہ کو اغواء کرنے کے بعد اس کا ریپ کرنے اور پورن وڈیوز بنانے پر میاں بیوی کو سزائے موت اور عمر قید کی سزائیں سنادی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر علی گوندل نے ایم ایس سی طالبہ کے اغوا ، زیادتی اورویڈیو سکینڈل میں نامزد ملزم قاسم جہانگیر کو الزام ثابت ہونے پرمختلف دفعات کے تحت مجموعی طورپر سزائے موت،عمر قید،3سال قید اور35لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی ، عدالت نے وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی کے علاوہ 10 لاکھ روپے ہرجانہ بھی متاثرہ طالبہ کو ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ تمام سزائوں پر بیک وقت عملدرآمد کیا جائے جب کہ ملزم کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ382بی کا فائدہ بھی دیا گیا ہے ، عدالت نے یہ بھی قرار دیا ہے متاثرہ طالبہ کو ہرجانہ کی رقم ملزم کی جائیداد فروخت کر کے دی جائے۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ سٹی پولیس نے 5اگست 2019کو متاثرہ طالبہ (س ج)سکنہ جہانگیر روڈکی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 376،365اور’’پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ2016‘‘کی دفعہ21کے تحت مقدمہ نمبر163درج کیا تھا ، جس میں الزام تھا کہ متاثرہ طالبہ 3 اگست کو گارڈن کالج میں ورکشاپ اٹینڈ کر کے نکلی تو ایک نقاب پوش خاتون نے خود کو طالبہ ظاہر کر کے کہا کہ وہ بھی تپو روڈ کی جانب جائے گی اس کا بھائی لینے آیا ہے اور اسی اثناء میں گرے رنگ کی کار وی ڈبلیو 789 میں دھکا دے کر بٹھا لیا اور گاڑی کے کالے پردے گرا لئے۔

اس دوران لڑکی نے خنجر نکال کر خاموش رہنے کو کہا اور مختلف راستوں سے گاڑی گھماتے ہوئے گلستان کالونی لائن نمبر3 میلاد چوک غفار سٹریٹ لے گئے جہاں پر لڑکے نے اس کے ساتھ بدفعلی کی اور لڑکی ویڈیو و تصاویر بناتی رہی جو بعد ازاں لڑکی کو رات 9 بجے ٹیپو روڈ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق اس کیس کا ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 کے الزام ثابت ہونے پر سزائے موت ،365-B کے تحت الزام ثابت ہونے پرعمر قید اور25لاکھ روپے جرمانہ جب کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ2016کی دفعہ21کے تحت3سال قید اور10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ، عدالت نے ملزمان کے زیر استعمال واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی متاثرہ طالبہ کو دینے کے ساتھ 10لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔

FOLLOW US