اسلام آباد:سوئی گیس کی جانب سے طویل بندش کے بعدسی این جی اسٹیشنز کھول دیےگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں کمپریسڈ نیچرل گیس ( سی این جی ) اسٹیشنز کو طویل بندش کے بعد کھول دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں بھی سی این جی اسٹیشن کو کھول دیا گیا۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو 5 روزہ بندش کے بعد آج بروز اتوار 24 جنوری کو کھول دیا گیا ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بھی سی این جی اسٹیشنز 37 روزہ طویل بندش کے بعد کھولا گیا ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی اسٹیشنز آج اتوار 24 جنوری کی صبح 6 بجے کھولے گئے، پنجاب اور پوٹھوہار کے سی این جی اسٹیشنز کو 37 دن سے گیس کی فراہمی معطل تھی۔ لاہور کے سی این جی اسٹیشنز کو آج صبح 6 سے شام 6 بجے تک گیس کی سپلائی جاری رہے گی۔
سوئی سدرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز کو 12 گھنٹے کيلئے کھولا گیا ہے۔ سی این جی اسٹیشنز کو سپلائی روک کر گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جارہی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں گیس کا شدید بحران جاری ہے، جس کی وجہ سے صوبے بھر میں آج صبح 8 بجے سے سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹے کے لیے کھلے رہیں گے۔ اتوار کو کھلے رہنے کے بعد سی این جی اسٹیشنز پیر کی صبح 8 بجے سے جمعرات صبح 8 بجے تک دوبارہ بند کر دیئے جائیں گے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن بند ہونے کے باعث بڑی تعداد میں اس کاروبار سے منسلک افراد کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی ضروریات کو پورا نہ کرسکنے کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی روکی گئی تھی ۔