Monday January 20, 2025

عمر شیخ کی جانب سے بلیک لسٹ کیے گئے، ایس ایچ اوز کو بحال کردیا گیا۔۔

لاہور: سابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی جانب سے بلیک لسٹ کیے گئے ایس ایچ اوز کو بحال کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے عمر شیخ کی جانب سے برطرف کیے گئے 13 افسران کو انویسٹی گیشن اور سی آئی اے سینٹر بھجوا دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عمر شیخ کی جانب سے بلیک لسٹ کئے جانے والے ایس ایچ اوز سے کام لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے غلام محمود ڈوگر نے انہیں بحال کر دیا ہے۔ غلام محمود ڈوگر نے بلیک لسٹ کیے گئے 13 افسران کو جنرل ڈیوٹی سے انویسٹیگیشن ونگ اور سی آئی اے بھجوا دیا ہے۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی جانب سےجاری نوٹفکیشن کے مطابق انسپکٹر فاروق اصغر اعوان، انسپکٹر یوسف بٹ،انسپکٹر احمد، انسپکٹر علی اجود، عامر سہیل، سب انسپکٹر دیس محمد، سب انسپکٹر نسیم خان، سب انسپکٹر ندیم خالد، سب انسپکٹر امجد جاوید، سب انسپکٹر محمد ندیم، سب انسپکٹر عمران قمر پڈانہ کو انویسٹی گیشن ونگ اور سی آئی اے سینٹرز بھجوا دیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی جانب سے ان افسران کو کرپشن سمیت دیگر الزامات کے باعث بلیک لسٹ کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی جانب سے ہٹائے گئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو بھی عہدے پر بحال کردیا گیا تھا ۔ عمر شیخ نے آئی جی پنجاب سے ملاقات کے دوران سابق ایس ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد کھوسہ پر الزامات لگائے تھے کہ انہوں نے کسی پارٹی سے معاملہ طے کرنے کے لیے 3 کروڑ کی رشوت طلب کی تھی اور اس کے ساتھ ہی ایک گاڑی بھی طلب کی تھی جس کے بعد دوست محمد کو عہدے سے ہٹا کر اعلیٰ محکمانہ تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق سی سی پی او عمر شیخ کی جانب سے دوست محمد پر لگائے گئے الزامات غلط ثابت ہو گئے ہیں۔ سابق ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد پر لگائے گئے الزامات آئی جی پنجاب کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں غلط ثابت ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق سی سی پی او عمر شیخ نے ذاتی انا کے باعث سابق ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد کھوسہ کو معطل کیا تھا۔ جبکہ تحقیقاتی رپورٹ میں کلیئر ہونے کے بعد آئی جی پنجاب کی جانب سے دوست محمد کھوسہ کو دوبارہ نوکری پر بحال کر کے ایس ایس پی آپریشنز ماڈل تعینات کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے نئے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی سفارشات پر دوست محمد کو بحال کیا ۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے دوست محمد کھوسہ کی بحالی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

FOLLOW US