اسلام آباد: ملک میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے فی یونٹ 15روپے 30 پیسے کا ہوجائے گا، موجودہ قیمت 13 روپے 35 پیسے فی یونٹ ہے،نیپرا نوٹیفکیشن کے بعد نئی قیمت کا اطلاق کردیا جائے گا۔ پاور ڈیژن کے مطابق ملک میں بجلی کا فی یونٹ اس وقت 13 روپے35 پیسے کا ہے، جبکہ حکومت نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافہ کردیا ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے فی یونٹ 15 روپے 30 پیسے کا ہوگیا ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 200 ارب کا مالی بوجھ بڑھ جائے گا، نیپرا نوٹیفکیشن کے بعد نئی قیمت کا اطلاق کردیا جائے گا۔
مزید برآں وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ پچھلی حکومت ہمارے لیے بارودی سرنگیں کھود کرگئی تھی، کیپسٹی پیمنٹ ہمارے لیے ورثے میں چھوڑ کرگئی، یہ استعمال کریں یا نہ کریں ادائیگی کرنی ہی ہوتی ہے، 2019ء تک 227 ارب چھوڑ کر گئے، اگر اس حساب سے بجلی کی قیمت بڑھاتے تو2 روپے 61 پیسے فی یونٹ بنتا، ہم نے صرف 23 پیسے اضافہ کیا، 2روپے 38پیسے کی سبسڈی دی گئی، جو کہ 247ارب روپے بنتے ہیں۔ 2013ء کیپسٹی پیمنٹ 185 ارب ، 2018ء میں 468 ارب اور 2019ء میں 642 ارب، 2020ء میں 860 ارب اور 2023ء تک 1455 ارب ہوجائے گی۔ یہ بھی بارودی سرنگ ہے جو مسلم لیگ ن کی حکومت نے بدنیتی کے ساتھ کارخانے لگائے، ان کارخانوں سے 45 فیصد بجلی درآمد شدہ فیول سے بنتی ہے، اس کی وجہ سے ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت ایک روپے 95 پیسے اضافہ کردیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر200 ارب کا بوجھ بڑھے گا،ن لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑرہی ہے۔ ہم کورونا کے دوران 473 ارب کی سبسڈی فراہم کی ہے، یہ سبسڈی صرف پاورسیکٹر میں دی گئی۔