Sunday January 19, 2025

فارن فنڈنگ کیس کی لائیو کوریج: پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کا چیلنج قبول کر لیا

لاہور: پیپلز پارٹی نے فارن فنڈنگ کیس کی لائیو کوریج سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا چیلنج قبول کر لیا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری منظور نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان نے جو چیلنج دیا ہے اب اس پر قائم رہیں اور یوٹرن نہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اور تحقیقات کی لائیو کوریج کیلئے تیار ہیں، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے۔

چودھری منظور نے کہا کہ صرف فارن فنڈنگ کیس نہیں، کرپشن کے تمام ریفرنسز کی بھی لائیوکوریج کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیب کی تحویل میں اپوزیشن قائدین کی انکوائریز اور احتساب عدالتوں میں مقدمات کی سماعت بھی لائیو نشرکی جائے۔ خیال رہے کہ آج جنوبی وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہان کو بٹھا کر کیس سننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن ہونی چاہیے۔ بے شک فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ سیاسی فنڈ ریزنگ صرف تحریک انصاف نے کی۔ میں نے شوکت خانم اسپتال کی فنڈنگ سمندر پار پاکستانیوں سے لی۔

FOLLOW US