Tuesday January 21, 2025

گیم کھیل کر پیسے کیسے کمائے جا سکتے ہیں؟ فواد چوہدری نے خوش خبری دے دی

پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ای اسپورٹس یوتھ کو پیسہ بنانے کا نیا موقع فراہم کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے درمیان معاہدہ طے پایا جا چکا ہے، جس حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں فواد چوہدری ، فہمیدہ مرزا اور دیگر وزراء نے شرکت کی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کھیل کا شعبہ 200 بلین ڈالر کی انڈسٹری ہے، 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کی تعداد کئی ملین میں ہے۔ پی ایس ایل کی طرح ای اسپورٹس کے لیے چھ ریجنز بنائیں گے، پاکستان میں بے شمار کھیل کھیلے جاتے ہیں، ہمارے کئی بچے ان کھیلوں میں نام کما چکے ہیں، ای اسپورٹس یوتھ کو پیسہ بنانے کا نیا موقع دے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپریل تک ملک میں کنولا کی دو بڑی فیکٹریاں لگ جائیں گی، ہم لاہور، کراچی میں ویڈیو گیمنگ پر بھی توجہ دے رہے ہیں، اب ملک میں ہر جگہ سائنس و ٹیکنالوجی کا ذکر ہو رہا ہے۔ تاہم دوسری جانب وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا میں ای اسپورٹس انڈسٹری میں تیزی سے کام ہوا، ای اسپورٹس میں ٹاپ انعامات پاکستانی بچوں نے حاصل کیے۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ہر کھیل کو ای سپورٹس میں لائیں، تمام صوبوں میں مختلف گیمز کی ٹیمیں بنائیں گے، ہمارے بچوں کو پاکستان میں اسپورٹس میں مواقع ملنے چاہئیں۔

FOLLOW US