Thursday May 16, 2024

حکومت کا مولانا فضل الرحمان کی مبینہ کرپشن کے مزید کیسز منظر عام پر لانے کا دعویٰ

اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ کرپشن کے مزید کیسز منظر عام پر لے آئے ، کہتے ہیں کہ فضل الرحمان نے اربوں روپے کی بے نامی جائیدادیں بنائیں ، فرنٹ مین کے ذریعے کمپنیاں بنا کر حج کے بڑے کوٹے حاصل کئے، دبئی اور قطر میں بھی اثاثے سامنے لائے جائیں گے ، پی ڈی ایم کے جلسوں میں مدرسے کے بچوں کو بلایا جا رہا ہے ، عوام نے پی ڈی ایم کی سیاست کو مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان ہمیشہ اسرائیل اور یہودی لابی کی بات کرتے ہیں ، حالاں کہ نواز شریف کے دور میں جے یو آئی کا رہنما اسرائیل جانے کا اعتراف کرتا ہے ، پی ڈی ایم کے سربراہ امریکی سفیر سے خود کو وزیراعظم بنانے کی درخواست کرتے ہیں ، نیٹو سپلائی کے دھندے میں بھی فضل الرحمان ملوث رہے ، انہوں نے اسلام کا نام استعمال کر کے مسلمانوں کو ٹھیس پہنچائی، گزشتہ ہفتے میں فضل الرحمان کی جائیداد کی تفصیلات سامنے آئیں، نیب نے جائیدادوں کے حوالے سے نوٹس جاری کیے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے ناموس رسالت کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھایا ، 54 سال میں پہلی بار یو این اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی جب کہ مولانا کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن کبھی اس مسئلے کو اجاگر نہیں کیا۔ دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ے کہ فیصلہ کن وقت آگیا ہے ،عمران خان کو تو جانا ہی ہوگا ، لوگ حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں ، ایسی حکومت آئی کہ لوگ کہتے ہیں ان چوروں کو لاؤ تاکہ ہمیں روٹی تو ملے ، ملک میں جمہوری فضا نہیں ہے اور ہم آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے لورالائی میں پی ڈی ایم کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 19 تاریخ کو ہم الیکشن کمیشن کے سامنےاحتجاج کریں گے، 18 ویں ترمیم میں صوبوں کو حقوق دیے گئے ہیں، ہم دوبارہ صوبوں کا حق مرکز کو دینے کو تیار نہیں ہیں ، آئین کہتا ہے صوبے کے حصے میں اضافہ ہوسکتا ہے، کمی نہیں ہوسکتی ، ملک میں صرف بالادستی عوام کی ہوگی، آج پی ٹی آئی پارٹی کا بانی رکن الیکشن کمیشن میں جا جا کر تھک گیا ہے، وہ کہتاہے یہ پیسے کہاں سے آئے، الیکشن کمیشن حساب تو لے، آپ نوازشریف اور آصف زرداری کو چورکہتے ہیں ،آپ کو فنڈز کہاں سے ملا؟ فارن فنڈنگ کیس میں بھارت، یورپ اور اسرائیل سے پیسا آیا ، یہ اجتماع دھاندلی کی حکومت کو مسترد کرتی ہے، یہ اجتماع دھاندلی کی حکومت کو مسترد کرتا ہے، ہماری جنگ پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قانون کی عملداری کیلئے ہے۔

FOLLOW US