اسلام آباد : وفاق اور پنجاب میں تبدیلیوں کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ وفاق اورپنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے کچھ لوگوں کو بھی ساتھ ملایا جائے گا ، ایک آپشن یہ بھی چل رہا ہے کہ عمران خان کو فارغ کرکے ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے۔
شاہد خاقان عباسی کے لندن جانے سے یہ یقین ہوگیا ہے کہ ان کے بڑے گہرے رابطے اور وہ گریٹ گیم کا حصہ ہیں لیکن اس وقت فیورٹ ن لیگ نہیں بلکہ پیپلزپارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کی پی ڈی ایم کی باتیں فی الحال تو باتیں ہی لگتی ہیں ۔ مذاکرات اور جوڑ توڑ کاعمل زیرزمین ہو رہا ہے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی خصوصی طور پر پنجاب میں تبدیلی لانے کی کوششوں کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں اور کچھ تجزیہ کاروں نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی جس کے بعد وفاق میں بھی ان ہاؤس تبدیلی پر غور کیا جا رہا تھا تاہم اب عارف نظامی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی تمام کوششیں اب بھی کی جا رہی ہیں۔
پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس نے کہا کہ ہمارے اڑھائی سالہ دور میں سب کچھ ٹھیک تو نہیں ہوا البتہ ہم نے ایک سمت کا تعین کرلیا ، اس بات کا اعتراف عالمی ادارے بھی کررہے ہیں ، 70سال سے سٹیٹس کو چل رہاہے ، تبدیلی میں وقت لگے گا، ہم نے اسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ کا نفاذ کیا ، ماضی کے حکمرانوں نے امپورٹ پالیسی بنائی ، ہم نے 24 ارب کا قرض لیا اور 20 ارب کا واپس کیا ، ساری صنعتیں چلائیں ، اس وقت فیصل آباد میں 2 لاکھ مزدوروں کی کمی ہے ، ماضی کے حکمرانوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 8 لاکھ جعلی افراد شامل کیے۔