Monday January 20, 2025

ہم نے پاک افغان باڑ اپنے فوجیوں کے خون اور پسینے کی بدولت لگائی کسی کی مجال نہیں کہ اس باڑ کو اکھاڑ سکے، دھمکیاں دینے والوں کو ترجمان پاک فوج کا دو ٹوک جواب

راولپنڈی : ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کسی کی مجال نہیں کہ پاک افغان باڑ کو اکھاڑ سکے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے پیر کے روز کی گئی پریس کانفرنس کے دوران پاج افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل کیخلاف بیانات اور دھمکیاں دینے والوں کو دو ٹوک جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاک افغان باڑ اپنے فوجیوں کے خون اور پسینے کی بدولت لگائی، کسی کی مجال نہیں کہ اس باڑ کو اکھاڑ سکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ فوج نے خود نہیں لگائی ہے بلکہ یہ حکومت پاکستان کے حکم پر پاکستان افغانستان عالمی سرحد پر لگائی گئی ہے۔ یہ پاکستان کے عوام کی سیکیورٹی کے لیے لگائی گئی ہے اور اس کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ یہ باڑ لگانے میں بھی ہم نے کئی قربانیاں دی ہیں، اس باڑ کو لگانا کوئی عام بات نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی سرحد پر امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری لائی گئی ہے۔ 2611 کلومیٹر سرحد پر باڑ لگانے کا 83 فیصد کام مکمل کرلیا ہے جو سال کے وسط تک مکمل ہوجائیگا۔ اس کے علاوہ پاکستان ،ایران سرحد پر بھی باڑ لگانے کا 37 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور امید ہے کہ اگلے ایک سال تک یہ بھی پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہزار 68 پلانٹ فورٹس میں سے 482 سے زائد تعمیر کیے جاچکے ہیں، بارڈر ٹرمینل کے ذریعے نقل و حرکت میں 33 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، اس کے علاوہ انسداد منشیات آپریشن اور نوٹیفائڈ کراسنگ سے نقل و حرکت کے نتیجے میں صرف 6 ماہ میں 48 ارب کے ریونیو میں اضافہ ہوا ہے، جس میں کسٹمز کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ گزشتہ دہائی میں ایک طرف مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی شرانگیزی جاری تھی تو دوسری طرف مغربی سرحد پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں ان کے جوڑ توڑ اور پشت پناہی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جارہا تھا، اس تمام چیلنجز کے باوجود ریاست، تمام قومی اداروں، افواج پاکستان، انٹیلی جنس ایجنسیز اور سب سے اہم پاکستانی عوام نے متحد ہوکر ان مشکلات کا مقابلہ کیا اور بحیثیت قوم اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔

FOLLOW US