Monday May 13, 2024

نئے سال پر ایل پی جی بھی مہنگی ، 15 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں ایک بار پھر ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 692 روپے اضافہ کردیا گیا جس کے بعد نئی قیمت پر کمرشل ایل پی جی سلنڈر 6667 روپے میں دستیاب ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 180 روپے بڑھ گئی ، اس طرح گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 1733 روپے ہوگئی ہے ، نئی قیمت کا اطلاق اوگرا نوٹی فکیشن کے بعد یکم جنوری سے ہوگا۔

اس ضمن میں چئیرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ گیس کی متبادل ایل پی جی کی ملکی ضرورت سو فیصد بڑھ گئی ہے ، چالیس ہزارٹن ایل پی جی درآمد کی جارہی ہے جبکہ ضرورت ایک لاکھ ٹن ماہانہ ہوچکی ہے ، چئیرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کی قلت اس قدر بڑھنے والی ہے کہ گھروں میں ناشتہ اور کھانا پکانا مشکل ہوجائیگا ، فوری ضرورت پوری کرنے کیلئے ہر ماہ ایک لاکھ ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

عرفان کھوکھر نے ملک میں گیس بحران کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی پر لگے ٹیکسوں کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو اسکی قیمت 400 روپے کلو سے بھی بڑھ جائیگی ، ڈسٹری بیوٹرز 6 ارب سے زائد کا ٹیکس دیتے ہیں، غیرقانونی کام کرنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ دوسری طرف محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈر کے استعمال پر پابندی عائد کردی ،محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے اس حوالے سے آئی جی پولیس اور تمام کمشنرز کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ، خط میں تمام متعلقہ افسران کو ایل پی جی سے متعلق حکمنامے پر فوری عمل کی ہدایت کی گئی ہے ، سندھ حکومت نے ایل پی جی سلنڈر پر پابندی کے احکامات نوری آباد سانحے کے بعد جاری کیے۔

FOLLOW US