Sunday April 28, 2024

فوج مخالف بیانات۔۔۔وفاقی کابینہ کا آرٹیکل 6 کے تحت مفتی کفایت اللہ کیخلاف سنگین غداری کا مقدمہ قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے مفتی کفایت اللہ کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اجلاس میں جے یوآئی ف کے رہنماء مفتی کفایت اللہ کیخلاف سنگین غداری کا مقدمہ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، کابینہ اپنے اگلے اجلاس میں مزید مشاورت کر کے حتمی منظوری دے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت اجلاس کے طے کردہ ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں جے یوآئی ف کے رہنماء مفتی کفایت اللہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ قائم کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔ کابینہ اپنے اگلے اجلاس میں مزید مشاورت کر کے حتمی منظوری دے گی۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترجمانوں کےاجلاس میں جے یو آئی کے رہنما مفتی کفایت اللہ کے فوج مخالف بیانات پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اسی طرح اجلاس میں کابینہ نے جاوید غنی کومستقل چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل بھی جاوید غنی کو عارضی چارج دیا گیا تھا، لیکن اب انہیں مستقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اسی طرح جاوید غنی کی بطور چیئرمین ایف بی آر مدت میں 3 ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں نیب اور امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے غیرملکی فنڈز کے استعمال پر بریفنگ مئوخر کردی گئی۔ پیٹرولیم ڈویژن گیس نے بھی کابینہ کو منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزارت داخلہ اور سی ڈی اے مارگلہ روڈ تجاوزات کے خاتمے پر بریفنگ دی گئی۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں تین سال کے لیے ایف سی تعیناتی کی سمری منظوری کے لیے پیش کی گئی۔ پیمرا کونسل آف شکایات کی تشکیل نو بھی ایجنڈے میں شامل تھا۔ ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے ڈی جی کی تقرری بھی ایجنڈے کا حصہ رہا، نوشہرہ میں ریلوے زمین پر کیثیر المزلہ عمارت کی تعمیر کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔ جبکہ اجلاس میں ملک کی سیاسی ، اقتصادی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

FOLLOW US