Tuesday January 21, 2025

پی آئی اے نے رواں ہفتے سعودیہ کے لیے 40 پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد پی آئی اے نے یک طرفہ فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ہے۔ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کی خصوصی ہدایات پر پیر سے پی آئی اے سعودی عرب کے لیے آپریشن شروع کردے گی۔سعودی حکام کی جانب سے صرف یک طرفہ اجازت نامے کے باوجود پی آئی اے دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے پروازیں چلائی گی، کورونا کے باعث سعودی حکومت نے صرف یک طرفہ اجازت دی ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کے لیے رواں ہفتے 40 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔ یہ پروازیں یہاں سے خالی جائیں گی اور واپسی پر مسافروں کو لے کر آئیں گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر سعودی عرب سے واپس آنے والے مسافروں کی گنتی زیادہ ہوئی تو ا ن یکطرفہ پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ اس وقت سعودی عرب میں ہزاروں عمرہ زائرین اور پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن کی جلد از جلد وطن واپسی کے لیے یہ فلائیٹ آپریشن بحال کیا گیا ہے۔ فی الحال واپسی کے خواہشمندوں کی ٹھیک ٹھیک تعداد معلوم نہیں ہے ، تاہم ایک دو روز میں اس بارے میں پتا لگ جائے گا۔ پی آئی حکام کے مطابق رواں ہفتے کے دوران جدہ سے 10، مدینہ سے 5، ریاض سے 16، دمام سے 6 اور القصیم سے 2 پروازیں پاکستانی مسافروں کو لے کر آئیں گی۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے فضائی آپریشنز معطل کرنے کے باعث پی آئی اے کی سعودیہ جانے والی44 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں، ٹکٹ ہولڈرز کو ان کی رقم واپس کرنے کے سلسلے میں جلد اعلان کر دیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے پر یک طرفہ آپریشن کے باعث مالی بوجھ پڑے گا مگر ہم وطنوں کی واپسی بھی ناگزیر ہے، پاکستان تا سعودی عرب جانے والی پروازوں پر روانگی کے وقت کارگو لوڈ کیا جائیگا۔سی ای او پی آئی اے نے محکموں کو ہدایات جاری ہیں کہ پرکشش اور مناسب کارگو نرخ رکھے جائیں، ائر مارشل ارشد ملک کے مطابق دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے کر آنا ایک قومی ذمہ داری ہے۔

FOLLOW US