Monday January 20, 2025

مولانا اجرتی سیاستدان اور این آر او دلانے والے وکیل بن چکے ہیں،رہنما جے یو آئی

پشاور(ویب ڈیسک )مولانا فضل الرحمان کے پرانے ساتھی مولانا عبدالقادرلونی نےمولانا کو اجرتی سیاستدان قراردیدیا اور دعویٰ کیا کہ مولانا این آراو دلانے کیلئے وکیل بن چکے ہیں اور انکی جنگ اقتدار کے حصول کیلئے ہے۔جے یو آئی نظریاتی کے مرکزی نائب امیر بلوچستان عبدالقادرلونی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک اجرتی سیاست دان ہیں، جو این آراو کیلئے ایک ٹولے کے وکیل بن چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان

حصول اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ آصف زرداری اور نوازشریف نے ملک کو لوٹا ہے اور مولانا فضل الرحمان این آر او دلانے کے لیے انکے وکیل بن چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم منصوبہ بندی کے تحت ملک کے خلاف سرگرم عمل ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں استعفوں کے معاملے پر تقسیم ہیں یہ محض مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔جماعت سے جن 4لوگوں کو نکالا گیا ان سے ہم رابطے میں ہیں۔مولانا عبدالقادرنے کرک میں مولانا کے خطاب کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کو سپورٹ کرنیوالے پشتون بے غیرت ہیں ، مولانا کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے پختونوں کو برا کہا، وہ اقتدار کے لیے گالیوں تک اتر آئے، مولانا کی حیثیت پانی کے بلبلے سے زیادہ نہیں ہے۔عبدالقادرلونی کا مزید کہنا تھا کہ، مولانا فضل الرحمان نے سیاست کو اپنے گھر تک محدود کردیا ہے، مولانا کی سیاست میں کارکن کی کوئی قدروقیمت نہیں ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو ٹھنڈک میں چھوڑ کر واپسی کا اعلان کیا۔ مولانا فضل الرحمان موروثی سیاست کررہے ہیں، انہوں نے اپنے بیٹے کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور بھائی کو سینیٹر بنوایا۔واضح رہے

کہ مولانا عبدالقادرلونی متعدد بار مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرچکے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل پی ڈی ایم کی تشکیل پر انہوں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم سیاسی خانہ بدوشوں کاایک تماشا ہے جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی سازش میں مصروف ہے۔پی ڈی ایم سے متعلق انکاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے ملک میں انقلاب نہیں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں،جبکہ ملک اس وقت افرا تفری اور انتشارکا متحمل نہیں۔ جمہوریت کے نام نہادعلمبرداروں نے ایسا تماشا اور سرکس لگایا گیا جو پارلیمانی نظام کے خلاف بغاوت ہے آئین اور جمہوریت کی دھجیاں اڑا رہے ہیں ۔

FOLLOW US