Monday January 20, 2025

استعفے بھجوا کر بڑی غلطی ہوگئی، مسلم لیگ ن کے رہنما اسپیکر سے اپنے استعفے واپس لینے کیلئے پر تولنے لگے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے 2 اراکین قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوبد عباسی اور محمد سجاد اعوان اپنے استعفوں کی واپسی کیلئے کوششیں کرنے لگے ، اسپیکر کو استعفیٰ بھجوانے والے ن لیگی رہنماوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد اعوان کی طرف سے اپنے استعفے واپس لینے کیلئے رابطہ کیا گیا ہے تاہم اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی واپسی ان کی زبانی درخواست پر نہیں ہوسکتی

اس مقصد کیلئے مذکورہ اراکین کو پہلے اسپیکر کے نام ایک تحریری درخواست دینا پڑے گی بصورت دیگر ان کے استعفے واپس نہیں کیے جاسکتے بلکہ قومی اسمبلی کے قاعدہ 43 کے تحت استعفوں کی منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا اور اسی کے تحت دونوں اراکین کو 7 روز کے اندر اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ، اس عرصے میں اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے استعفے منظور تصور کیے جائیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے بھجوانے والے مسلم لیگ ن کے 2 اراکین کو تصدیق کیلئے بلایا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے پی ڈی ایم کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے 2 ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کیا ، اس ضمن میں ن لیگ کے دونوں رہنماؤں کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے رابطے کیلئے مراسلہ جاری کیا گیا ۔ مراسلہ میں مذکورہ اراکین قومی اسمبلی سے کہا گیا کہ استعفوں پر دستخط قومی اسمبلی ریکارڈ کے مطابق درست ہیں ، لہٰذا اب ایم این ایز اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کی تاریخ سے آگاہ کریں کیوں کہ 7 روز میں انہیں استعفوں کی تصدیق کیلئے بلایا جائے گا ، جواب نہ دینے پر یہ تصور ہوگا انہوں نے اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا اس لیے اس صورت میں دونوں کے استعفے منظور کر لیے جائیں گے، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے دونوں رہنماؤں کی جانب سے 14 دسمبر کو استعفے سرکاری لیٹر پیڈ پر اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے گئے تھے۔

FOLLOW US