Monday May 13, 2024

چار ہفتوں کے دوران منہگائی کی شرح میں مستقل کمی آ رہی ہے، وفاقی حکومت نے خوردنی گھی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے خوردنی گھی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا، وزارت خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ خوردنی تیل اور انڈوں کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے، چار ہفتوں کے دوران منہگائی کی شرح میں مستقل کمی آ رہی ہے، اشیاء کی قیمتوں میں 0.22 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو مہنگائی میں کمی سے متعلق بریفنگ دی۔

سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ چار ہفتوں کے دوران منہگائی کی شرح میں مستقل کمی آ رہی ہے۔ گندم، ٹماٹر، پیاز، آلو اور مرغی کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی۔ وزیر خزانہ نے خوردنی گھی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتیں قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے مافیا پر کڑی نگرانی رکھیں۔ سیکرٹری تجارت صوبائی حکومتوں اور ایف بی آر کے نمائندوں سے میٹنگ کریں۔ اجلاس میں سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی نے گندم اور چینی کے ذخائر کی موجودہ صورتحال پربریفنگ دی۔ سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی نے کہا کہ گندم اور چینی کی بہتر فراہمی سے قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق اس دوران برآمدات کا حجم 10.2 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ نومبر 2019 کے دوران سبزیوں کی برآمدات سے 26.64 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح نومبر 2019 کے مقابلہ میں نومبر 2020 کے دوران سبزیوں کی قومی برآمدات میں 16.44 ملین ڈالر یعنی 61.89 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

FOLLOW US