لاہور(نیوز ڈیسک) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کوکورونااورپی ڈی ایم لیڈرشپ کوتیتربٹیرکاظہرانہ دینا اپوزیشن کا کھلا تضاد ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 150 ایکڑ کے پارک پر 5 ایکڑ کا پنڈال اور صرف 10 ہزار کرسیاں پی ڈی ایم کی سبکی کا عکاس ہے ۔ یہ جلسہ گاہ نہیں بلکہ کلاس روم ہےجہاں ایم این اے،ایم پی ایز کی حاضری لگائی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نہ انہیں روکا اور نہ روکنے کی کوشش کی ۔ ایسی حکومت کبھی پہلے نہیں رہی جو مخالفین کو ایسے جلسے کی اجازت دے ۔ اس سے قبل صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے پی ڈی ایم کو چیلنج کیا ہے کہ اگر یہ پچاس ہزار جمع کرلیتے ہیں تو وہ سیاست کو خیرباد کہہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مکس اچار پارٹی جھوٹ بولتی ہے، یہ 10ہزارلوگ بھی نہیں لاسکتے، فضل الرحمان کہتے ہیں پورے ملک سے لوگ آرہے ہیں اور کرسیاں صرف 10ہزار ہیں۔پی ڈی ایم 10،10فٹ پر ایک کرسی لگارہے ہیں ۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نیکٹا کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری ہوگیا ہے لیکن ان کو شرم نہیں آتی، یہ لوگ عام عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں، مینارپاکستان میں کسی قسم کا کوئی پانی نہیں چھوڑا گیا تھا۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جلسے کے لیے حکومت نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، موجودہ صورت حال میں پی ڈی ایم کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا، اپنے ابو کی کرپشن بچانے کے لیے یہ سب اکھٹے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم سینئر رہنماؤں کو تھریٹ لیٹرز بھجوا دیئے ہیں جس میں ان کو خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔









