Wednesday November 27, 2024

شیخ رشید احمد نے وزیر داخلہ بننے کے بعد اپنی ترجیحات بتادیں جدید ترین بارڈرسسٹم لے کر آؤں گا ، ملک سے لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کا دور ختم ہوجائے گا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے قلمدان سنبھالنے کے بعد اپنی ترجیحات بتادیں ، انہوں نے کہا کہ جدید ترین بارڈرسسٹم لے کر آؤں گا ، ملک سے لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کا دور ختم ہوجائے گا۔ اسلام آباد میں بطور وزیر داخلہ اپنی پہلی پریس کنفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے ملک سے منی لانڈرنگ کے خاتمے کا اعلان کردیا ، کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے مجھے وزیر داخلہ کی نئی ذمہ داری دی گئی ہے ، اپنی وزارت کے دوران پاکستان میں ایک جدید ترین بارڈرسسٹم لے کر آؤں گا جس کی مدد سے ملک میں لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کے دور کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں 14، 15 اور 16 دسمبرکو حکومت اور عمران خان کیلئے خوشخبریاں ہیں، جب کہ اپوزیشن کیلئے ناکامیاں ہیں ، مجھے پی ڈی ایم کیخلاف کوئی ٹاسک نہیں سونپا گیا،یہ اپوزیشن ہوئی تو عمران خان اگلا الیکشن بھی جیت جائے گا ، اگر کوئی سمجھتا ہے عمران خان اپوزیشن کے جلسے سے جارہا ہے تو کہیں نہیں جارہا ہے، وفا کرو گے وفا کریں گے،جفا کروگے جفا کریں گے، ستم کرو گے ، ستم کریں گے، ہم آدمی ہیں تمہارے جیسے جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کھلی اجازت ہے جلسہ کریں، اصل طاقت اس وقت میڈیا کی ہے، میں سب سے سینئر سیاستدان ہوں، سیاستدان کال دیتا ہے وہ گلی گلی دعوت نامے بانٹ کر خوار نہیں ہوتا، جو بڑا سیاستدان ہوتا ہے اس کا ظرف اور فیصلہ فہم بڑا ہوتا ہے، وہ دیوا ر کے پیچھے دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جب کہ یہ وہ سیاستدان ہیں دو مہینے سے مہم چلا رہے ہیں لیکن ان کی امیدیں بر نہیں آئیں گی، یہ مینار پاکستان پر عمران خان کی کاپی کرلیں گے؟ عمران خان اوپر گیا یہ نیچے جائیں گے، آئیں اسلام آباد، جو آپ لوگوں نے مہینے سلیکٹ کیے شدیدسناٹے کی سردی کے مہینے ہیں۔

FOLLOW US