لاہور (ویب ڈیسک) سیر و تفریخ کے لیے آنے والے نوجوان نے شاہی قلعے میں موجود مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے پر حملہ کرکے اس کا بازو توڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق زبیر نامی شہری نے شاہی قلعہ میں نصب کئے گئے مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کا بایاں بازو توڑ دیا، پولیس نے ملزم زبیر کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہر بنس پورہ کے رہائشی زبیر نے مجسمہ توڑا، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تھانہ ٹبی سٹی پولیس نے ہربنس پورہ کے رہائشی زبیر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مجسمے کے گرد حفاظتی باڑ کمزور ہونے کی وجہ سے زبیر نامی شخص مجسمہ ایریا میں داخل ہوا۔
مہاراجہ رجیت سنگ کا مجسمہ والڈ سٹی اتھارٹی اور برطانیہ کے سکھ ورثہ کے ڈائریکٹر کے باہمی اشتراک سے نصب کیا گیا تھا۔ مجسمے میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کو اعلیٰ نسل کے گھوڑے پر بٹھایا ہوا دکھایا گیا ہے۔ مجسمہ فقیر خانہ میوزم کے آرٹسٹ نے بنایا تھا۔ شاہی قلعہ کی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے کا واقعہ ایک بار پھر دہرایا گیا۔ شاہی قلعہ میں آئے سیاحوں نے اس واقعہ کی پر زور مذمت بھی کی۔ شاہی قلعہ میں موجود تاریخی فن پاروں کو توڑنے اور بگاڑنے کا سلسلہ اگر ایسے ہی چلتا رہا تو شاہی قلعہ آہستہ آہستہ اپنی تاریخی اہمیت کھو دے گا۔ شاہی قلعہ کی انتظامیہ اگر مجسمے کے باؤنڈری ایریا کو بہترین انداز میں باڑیں لگا کر محفوظ کر دے تو یہ تاریخی مجسمہ ایسے واقعات سے بچ سکتا ہے۔