Monday January 20, 2025

اقوام متحدہ کے 6 جعلی پاسپورٹ رکھنے والا غیر ملکی اسلام آباد سے گرفتار، انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے اقوام متحدہ کے 6 جعلی پاسپورٹ رکھنے والے نائیجیرین شخص کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا ۔ ترک سفارت خانے کی اطلاع پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کا جعلی پاسپورٹ رکھنے والے غیر ملکی شہری کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے اقوام متحدہ کا جعلی پاسپورٹ رکھنے والے غیرملکی شہری کو گرفتار کیا جس کا تعلق نائیجیریا سے ہے۔

ملزم نے ویزہ حاصل کرنے کے لیے ترک سفارت خانے میں اقوامِ متحدہ کا جعلی پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ جمع کرایا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا تو اُس نے اسلام آباد کے علاقے ایف 8 کے گیسٹ ہاؤس کی نشاندہی کی جہاں سے انسانی اسمگلنگ کا کام کیا جاتا ہے۔ گیسٹ ہاؤس میں چھاپے کے دوران ملزم کے ساتھ کام کرنے والا افضل نامی پاکستانی ایجنٹ موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ایف آئی اے نے وہاں سے 6 اقوام متحدہ کے پاسپورٹ اور 7 آئی ڈیز سمیت موبائل فون برآمد کر لیے۔

ایف آئی اے نے برآمد ہونے والے موبائل فونز فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے جبکہ ملزمان کی جائیداد اور بینک اکاونٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم جعلی پاسپورٹ پر ترکی کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے ترک سفارت خانے گیا تھا جس کے بعد حکام نے ایف آئی اے کو تحریری درخواست جمع کروائی اور پھر یہ کارروائی عمل میں‌ لائی گئی۔

FOLLOW US