لاہور (ویب ڈیسک) شاہدرہ میں ریلی کے دوران مریم نواز پر حملہ، ریلی سے خطاب کے دوران ایک شخص نے نواز شریف کی صاحبزادی کے سر پر چھڑی مار دی۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے 13 دسمبر کے لاہور جلسے کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں مریم نواز کی جانب سے آج پیر کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا گیا۔ پیر کی شب کو لیگی خاتون رہنما ریلی سے خطاب کیلئے لاہور کے علاقے شاہدرہ پہنچیں۔ ریلی کے دوران مریم نواز کی جانب سے خطاب کیا جا رہا تھا جب ان پر حملے کی کوشش کی گئی۔ ریلی میں شریک کسی شخص نے مریم نواز پر چھڑی اچھال دی جو سیدھا ان کے سر پر جا لگی۔ واقعے کے بعد مریم نواز نے فوری خطاب چھوڑ دیا اور وہاں سے روانہ ہو گئیں۔ نواز شریف کی صاحبزادی کو چھڑی مارنے والے شخص کی نشاندہی نہیں ہو سکی۔