اسلام آباد (ویب ڈیسک) رواں سال نومبر کے مہینے میں پاکستانی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ۔ پاکستان کی برآمدات میں تقریباََ 121 فیصد تک اضافہ ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر اپنے پیغام میں کہا کہ میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ نومبر 2020 کے دوران ہماری ویتنام کو برآمدات میں 121 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رزاق داؤد نے مزید بتایا کہ پاکستان سے چین کو برآمدات میں 30 فیصد، برطانیہ کو 27 فیصد، اٹلی کو برآمدات میں 26 فیصد، امریکہ کو 25 فیصد، جبکہ فرانس کو ہماری برآمدات میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس بحران کے بعد پاکستان کی برآمدات نے دوبارہ سے رفتار پکڑنا شروع کرلی ہے۔ پاکستانی ایکسپورٹرز پر زور دوں گا کہ وہ دنیا کے مختلف علاقوں میں اپنی مصنوعات فروخت کرنے کیلئے مارکیٹنگ کریں۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2020 میں بھی پاکستان کی برآمدات میں گزشہ سال اکتوبر کی برآمدات کے مقابلے میں 2.1فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، اس ایک ماہ کے دوران پاکستان سے 2.06 بلین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں تجات متاثر رہی ، وبا کے اثرات میں کمی آنے کے بعد گزشتہ ماہ پاکستان کے تاجروں کے لیے مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے ۔