Wednesday May 15, 2024

عمران خان کے قبضہ مافیا گروپ کیخلاف اقدامات سے پریشان۔۔ قبضہ مافیا گروپ نے پی ڈی ایم جلسے کی کامیابی کیلئے فنڈنگ شروع کر دی

لاہور (ویب ڈیسک) سینیئر صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا گروپ نے پی ڈی ایم جلسے کی کامیابی کیلئے فنڈنگ شروع کر دی ہے ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر صحافی عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا کہ لاہور میں پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب بنانے کے لیے قبضہ مافیا گروپ متحرک ہو گیا ہے ۔ قبضہ گروپ فل فنڈنگ کررہا ہے، اینٹی کرپشن ان کیخلاف ابھی کھل کر کام نہیں کررہا لیکن پھر بھی وہ عمران خان کے اقدامات سے پریشان ہیں، اس سے پہلے کہ قبضہ مافیا گروپ اور منشیات فروشوں کیخلاف اقدامات سخت کیے جائیں اس سے قبل ہی ان کا جلسہ کامیاب کروانے کی پلاننگ کی جارہی ہے ۔

اس سلسلے میں میچ فکسنگ کرنے والے بکیز بھی متحرک ہیں اور وہ بھی فنڈنگ کررہے ہیں۔ اگر حکومت ان قبضہ مافیا گروپوں کیخلاف کراس دی بورڈ احتساب ہو تو کھربوں روپے کی جائیدادیں واگزار کروا لی جائیں گی ۔ یہ سب مل کر حکومت کیخلاف اپوزیشن کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں ۔ عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ مریم نواز نے تمام ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اپنے ساتھ کثیر تعداد میں سپورٹر لانے کا حکم دیا گیا ہے، فی بندہ 10 ہزار افراد کو لائے گا اور اس کی فوٹیج پرسنل طور پر مریم نواز کے پاس جمع کروانا ہوگی ، ان کو خوف پڑ گیا ہے کہ ان کا لاہور جلسہ کامیاب نہیں ہونا اور وہ مینار پاکستان گراؤنڈ نہیں بھر سکیں گی ۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے جس کی میزبانی پاکستان مسلم لیگ (ن) کررہی ہے ۔

FOLLOW US