Monday November 25, 2024

حکومت نے شاہد خاقان عباسی کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی، ای سی ایل سے نام نکالنے کا فیصلہ

لاہور(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیئر لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کو خصوصی درخواست پر 15 دن کے لیے امریکہ جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ شاہد خاقان عباسی کی بہن اور بہنوئی کورونا کا شکار ہیں، اور ان کی طبیعت زیادہ خراب ہے۔ بہن کی عیادت کے لیے امریکہ جانے کے لیے شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ون ٹائم وزٹ کے لیے اجازت طلب کی گئی تھی ۔ شاہد خاقان عباسی کی جانب سے وزارت داخلہ اور کئی اداروں کو ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست کی گئی تھی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شاہد خاقان عباسی کانام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت اس سے قبل سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا نام بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ای سی ایل سے نکال چکی ہے ۔ شاہد خاقان عباسی پر اس وقت نیب میں ایل این جی اسکینڈل سمیت کئی چل رہے ہیں جن میں ان کی پیشیاں ہوتی ہیں ۔

FOLLOW US