Thursday November 28, 2024

عوام کا فیصلہ، شاہ محمود قریشی تحریک انصاف حکومت کے سب سے مقبول وزیر قرار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) عوام کا فیصلہ، شاہ محمود قریشی تحریک انصاف حکومت کے سب سے مقبول وزیر قرار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد وفاقی کابینہ کے دوسرے مقبول ترین وزیر قرار پائے، سروے میں ہزاروں افراد نے رائے کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق پلس کنسلٹنٹ نامی ادارے کی جانب سے حال ہی میں کروائے گئے سروے کے دوران وفاقی وزراء کی مقبولیت جاننے کی کوشش بھی کی گئی۔ اس مقصد کیلئے ملک بھر کے ہزاروں افراد سے ان کی رائے طلب کی گئی۔ سروے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دیگر وزراء سے زیادہ بہتر قرار دیے گئے،

جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ مشترکہ طور پر دوسرے مقبول ترین وزیر قرار پائے۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز مقبولیت میں تیسرے نمبر پر رہے۔ تاہم سروے کے دوران لوگوں کی اکثریت نے وفاقی وزراء کی کارکردگی پر زیادہ اطمینان کا اظہار نہیں کیا۔ سروے کے دوران صوبائی حکومتوں کی کارکردگی اور مقبولیت بھی جاننے کی کوشش کی گئی۔ سروے کے دوران چھوٹے صوبوں کی حکومتیں بڑے صوبوں کی حکومتوں پر بازی لے گئیں۔ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے لوگوں نے اپنی صوبائی حکومتوں کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ سروے کے دوران تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کو 41 فیصد جبکہ جام کمال کی بلوچستان حکومت کو 37 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہوئی۔ جبکہ عثمان بزدار کی پنجاب حکومت 34 فیصد عوام کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سروے کے دوران پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سب سے ناپسندیدہ صوبائی حکومت قرار پائی۔ سندھ کے 60 فیصد سے زائد عوام نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ صرف 19 فیصد نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو اچھا کہا۔ سروے کے دوران پنجاب کے 47 فیصد، خیبرپختونخواہ کے 51 فیصد جبکہ بلوچستان کے 35 فیصد لوگوں نے اپنی صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

FOLLOW US