Friday January 24, 2025

اختر مینگل سے مذاکرات شروع! کیا بی این پی پھر سے حکومت کا حصہ بننے جا رہی ہے؟ اپوزیشن کو بڑا جھٹکا

کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، خواہش ہے کہ بی این پی دوبارہ اتحاد میں شامل ہو۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان حکومت کی اتحادی ہے اور ان کی پارٹی کا جام کمال پر مکمل اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمیت اگر کسی بھی جماعت کا کوئی بھی ممبر کرپشن میں ملوث ہوا تو اس کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔

انھوں نے اسحاق ڈار کے نجی ٹی وی کو انٹرویو دینے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کہ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کو لوٹ کر گئے، انھیں پاکستان کی ضرورت تب ہی ہوئی جب انھیں کمانا تھا۔ بیرونی میڈیا کے سامنے سچ بولنا پڑتا ہے جو اسحاق دار نے کیا۔ پی ڈی ایم کے تحریک سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عوام کی زندگیوں کو داؤ پر نہ لگائیں۔ اس وبا کے جانے کے بعد جلسے جلوس کریں کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ اس سے قبل قاسم سوری نے کوئٹہ میں گیس لائن پائپ منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ڈپٹٰی سپیکر نے کہا کہ سریاب روڈ پر چالیس سالہ 6 انچ قطر کی پرانی پائپ لائن کی جگہ سڑک کے دونوں اطراف 8 انچ قطر کی نئی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ منصوبہ 1 ارب روپے کی لاگت سے ستمبر 2021ء تک مکمل ہو جائیگا۔ قاسم سوری نے کوئٹہ کی عوام سے وعدہ کیا کہ جلد ہی پانی کے مسئلے کے حل کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے جبکہ کوئٹہ سے منسلک قومی شاہراہوں کو دو رویہ کیا جائے گا تاکہ بڑھتے ہوئے حادثات کا تدارک کیا جاسکے۔

FOLLOW US