Friday January 24, 2025

حکومت نے نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی منظوری دے دی، افتتاح کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی منظوری دے دی، وزیراعظم عمران خان 9 دسمبر کو دورہ سیالکوٹ کے دوران ائیرلائن کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تیسری نجی ائیرلائن جلد اپنے آپریشنز کا آغاز کرنے کیلئے تیار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی منظوری دے دی ہے۔ منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان 9 دسمبر کو سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔ دورہ سیالکتں کے دوران وزیراعظم خود پاکستان کی تیسری نجی ائیر لائین کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے نئی فضائی کمپنی کا زبردست آغاز کیا ہے۔ جس سے پاکستان میں فضائی حدود میں نئی ایئرلائنز کے اضافے سے شہریوں کو آرام دہ سفری سہولیات میسر آسکیں گی۔ ائیرلائن کا پہلا کمرشل طیارہ 2 روز قبل ہی پاکستان پہنچا ہے۔ اتوار کے روز ایئرلائن ایئر سیال کا طیارہ امریکا سے کراچی پہنچا۔ انتظامیہ نے کراچی ایئرپورٹ پر نیا طیارہ وصول کیا۔ فضائی کمپنی کے مزید 2 طیارے اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے۔ ایئرلائن تین ایئربس320 پر محیط فلیٹ سے فلائٹس آپریشن شروع کرے گی۔ کراچی ایئرپورٹ پر فضائی کمپنی کی ایئرسیال کے وائس چیئرین عمرمیر نے فضائی کمپنی شروع کرنے پر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ سیال ائیرلائن کا افتتاح جلد کيا جائےگا۔ ائيرلائن دسمبر میں آپریشن کا آغاز کرےگی۔انتظامیہ سال نو کے موقعے پر ڈومیسٹک فلائٹس آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

FOLLOW US